ایف بی آر کی بینکوں سے اکائونٹس کی تفصیلات طلب

ارغوان پاکستان اسلام آباد سے :-ایف بی آر کی بینکوں سے اکائونٹس کی تفصیلات طلب

اسلام آباد (ارغوان نیوز):- ایف بی آر نے بینکوں سے ماہانہ 1کروڑ روپے اکاؤنٹ میں جمع کرنیوالوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں – جب کہ فنانس ایکٹ 2020 کے تحت اکائونٹ سے ماہانہ 10 لاکھ روپے نکلوانے والوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں –
تفصیلات کے مطابق، ایف بی آر نے فنانس ایکٹ 2020 کے تحت ڈرافٹ رولز جاری کیا ہے ؛ جس کے تحت بینکوں سے ایسے تمام افراد کی معلومات طلب کی گئی ہیں جنہوں نے ایک ماہ کے دوران اکائونٹس میں 1 کروڑ روپے جمع کیے ہیں یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ماہانہ 2 لاکھ روپے کی ادائیگی کی ہے –



اس کے علاوہ ان اکائونٹ ہولڈرز کی تفصیلات بھی ایف بی آر کو فراہم کی جائیں گی جنہوں نے ایک ماہ کے دوران 10 لاکھ روپے نکلوائے ہیں – ایف بی آر نے مذکورہ اکائونٹ ہولڈرز کی جو دیگر تفصیلات بینکوں سے طلب کی ہیں ان میں سی این آئی سی ؛ این آئی سی او پی ؛ پاسپورٹ نمبر ؛ این ٹی این ؛ نام ؛ ٹائٹل اکائونٹ ؛ رہائش/عدم رہائش، پتہ ؛ ٹیلی فون نمبر ؛ اکائونٹ کھلوانے کی تاریخ ؛ اکائونٹ نمبر (آئی بی اے این) ؛ مہینے میں جمع کی گئی رقم ؛ یا نکلوائی گئی رقم ؛ ٹیکس کٹوتی کی رقم ؛ پیشہ ؛ کاروبار وغیرہ – بینکوں کے لیے نئے قوانین کے تحت مطلوبہ معلومات انکم ٹیکس آرڈیننس 165 اے کے تحت فراہم کرنا ہیں – ہر بینک افسر مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کا پابند ہوگا – جب کہ ہر بینک بورڈ کو دیئے گئے وقت میں معلومات فراہم کرے گا – سالانہ مقامی رپورٹنگ کی تاریخ ہر سال 31 مئی ہے –