مدرسے کے اندر دھماکہ؛ بچوں سمیت آٹھ افراد شہید

ارغوان پاکستان پشاور سے :- مدرسے کے اندر دھماکہ؛ بچوں سمیت آٹھ افراد شہید

پشاور (ارغوان نیوز):- دیر کالونی میں مدرسے کے اندر دھماکے کے نتیجے میں بچوں سمیت 8 افراد شہید اور 110 زخمی ہوگئے- پشاور کے علاقے دیر کالونی میں واقع مدرسے کے اندر اس وقت دھماکا ہوا جب بچوں کی بڑی تعداد دینی تعلیم حاصل کررہی تھی- دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی- اہل علاقہ نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کرنا شروع کیا جب کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے علاوہ امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی-



زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال اور خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے- جہاں طبی عملے نے 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ 110 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے- جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے بھی شامل ہیں جو مدرسے میں ہی تعلیم حاصل کررہے تھے- دھماکا خیز مواد ایک بیگ میں رکھا گیا تھا، جو ایک شخص رکھ کر گیا تھا- اے آئی جی شفقت ملک نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں 5 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا؛ جو ٹائم ڈیوائس سے منسلک تھا-