تعلیمی مرکز کے باہر خودکُش دھماکہ؛اٹھاراں افراد جاں بحق متعدد زخمی

ارغوان پاکستان کابل سے :- دارلحکومت کابل میں خودکُش دھماکے سے 18 افراد جاں بحق 57 زخمی

کابل (ارغوان نیوز):- ایک تعلیمی مرکز کے باہر خودکُش حملے میں 18 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے-عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے بتایا کہ ایک بمبار نے سیکیورٹی گارڈ کے حلیے میں مغربی کابل کے علاقے دشتِ برچی میں کوثرِ دانش تعلیمی مرکز کے باہر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا- عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت بڑی تعداد میں طلبہ سواریوں کے انتظار میں جائے وقوع پر موجود تھے- بعض زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے-



تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق طالبان نے اس کارروائی سے تعلق ہونے کی اطلاعات مسترد کردی ہیں- واضح رہے کہ امریکی انخلا کے حوالے سے طالبان سے جاری مذاکرات کے بعد یہ حملہ ایک ایسے مرحلے میں کیا جارہا ہے جب افغانستان کے اندر مختلف فریقوں کے مابین مذاکرات کا سلسلہ ابتدائی مرحلے میں ہے-