موسٹ وانٹڈ ملزم عابد فیصل آباد سے گرفتار؛ متعدد انکشافات

ارغوان پاکستان فیصل آباد سے :- موسٹ وانٹڈ ملزم عابد فیصل آباد سے گرفتار؛ متعدد انکشافات

فیصل آباد (ارغوان نیوز):- لاہور موٹر وے ریپ کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا گیا ہے- پاکستان میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے انتہائی مطلوب بنا ہوا ملزم عابد ملہی بلآخر پولیس کی گرفت میں آگیا- موٹر وے اجتماعی زیادتی کیس کے اس ملزم کی گرفتاری کے پولیس نے کئی شہروں میں متعدد بار چھاپے مارے مگر یہ ہر بار بچ نکلنے میں کامیاب رہا- پولیس نے عابد کی گرفتاری کے لیے جال بچھایا اور اس کی بیوی کو فون اور نمبر فراہم کیا؛ یہ نمبر بیوی نے عابد سے رابطے کیلئے استعمال کیا- عابد نے اہلیہ کو اسی فون پر کال کر کے بتایا کہ وہ فیصل آباد آئے گا جس کے بعد اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچایا گیا- ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچا کر سادہ لباس اہلکاروں کا جال بچھایا اور جیسے ہی ملزم ملاقات کے لیے پہنچا تو اس کو حکمت عملی کے تحت بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کرلیا گیا-



عابد نے تفتیش کے دوران کئی انکشافات کیے ہیں- مرکزی ملزم عابد ملہی نے بتایا کہ 9 ستمبر کو ہم لوٹ مار کی وارداتوں کے لیے کورول گاؤں سے نکلے تھے- گاڑی کے جلتے بجھتے انڈیکٹر دیکھ کر موٹروے کے اوپر چلے گئے- خاتون کو دیکھ کر اسے باہر نکلنے کا کہا، انکار پر گاڑی کا شیشہ توڑا اور خاتون سے گھڑی؛ زیورات اور نقدی لوٹنے کے بعد اسے موٹروے سے نیچے جانے کوکہا- خاتون کے انکار پر بچوں کو نیچے لے گئے- خاتون بچوں کو بچانے نیچے آئی تو اسے ہوس کا نشانہ بنایا- ڈولفن اہلکاروں نے آکر ہوائی فائرنگ کی تو فرار ہوگئے- ملزم نے بتایا کہ واردات کے بعد میں ننکانہ اور پھر بہاولپور چلا گیا- ایک مہینے کے دوران ماسک پہن کر پبلک ٹرانسپورٹ میں مختلف شہروں میں پھرتا رہا- پیسے ختم ہونے پر بیوی سے رابطہ کیا تو پولیس نے گرفتار کرلیا- یاد رہے کہ تھانہ گجرپورہ کی حددو سیالکوٹ موٹروے بائی پاس پر خاتون سے زیادتی کا واقعہ گزشتہ ماہ ستمبر میں پیش آیا تھا-

متاثرہ خاتون لاہور سے اپنے بچوں کے ہمراہ گاڑی پر گوجرانوالہ جا رہی تھی کہ پیٹرول ختم ہوگیا- خاتون نے مدد کیلئے موٹر وے اور مقامی پولیس کو فون کیا- اسی دوران ملزمان عابد ملہی اور شفقت وہاں پہنچے؛ گاڑی کے شیشے توڑ کر خاتون کو باہر نکالا اور گن پوائنٹ پر بچوں کے سامنے اسے زیادتی کا نشانہ بنا کر فرار ہو گئے تھے- پولیس عابد ملہی کو گرفتاری کے بعد فیصل آباد سے لاہور لارہی ہے جہاں اس کا ایک بار پھر ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا-