ابھرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کی راہ میں رکاورٹیں بچھائی جانے لگیں

ارغوان پاکستا ن لاہور سے :- ابھرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کی راہ میں رکاورٹیں بچھائی جانے لگیں

لاہور (ارغوان نیوز):- پی سی بی نے نوجوان کرکٹرز تلاش کرنے کی ذمہ داری پی ایس ایل فرنچائزز پر چھوڑ کر انڈر 19 ٹرائلز کے لیے مخصوص پول سے 291کھلاڑیوں کا اعلان کردیا – پی سی بی نے 6 ایسوسی ایشنزکی انڈر 19 ٹیمیں بنانے کے لیے 291 کرکٹرز کو ٹرائلز میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے – 4 رکنی جونیئر سلیکشن میں سلیم جعفر، ثناء اللہ بلوچ، وجاہت اللہ واسطی اور توفیق عمر شامل ہیں – تمام ٹیموں کے کوچز اور اسسٹنٹ کوچز بھی معاونت کریں گے – سدرن پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ٹرائلز 11 اور 12 ستمبرکو بالترتیب ملتان اور ایبٹ آباد میں ہوں گے – سینٹرل پنجاب اور ناردرن کے کھلاڑیوں کی جانچ بالترتیب ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں 14 اور 15 ستمبر کو ہوگی –



سندھ کے ٹرائلز 17 اور 18 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لیے جائیں گے – بلوچستان میں ٹرائلز کے لیے بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں 18 اور 19 ستمبر کو رونق لگے گی – پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی، ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کے انڈر 19ٹورنامنٹ، سیزنز 19-2018 اور 18-2017 کے انڈر 16 ٹورنامنٹس میں شرکت کو معیار بنایا گیا ہے – انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ 19-2018 میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرز کوبھی مدعو کرلیا گیا – یوں پہلے سے پی سی بی کے پول میں شامل کھلاڑیوں میں سے ہی ٹیموں کا انتخاب ہوگا، اوپن ٹرائلز کے ذریعے سلیکٹرز کی نظروں میں آنے کے منتظر دیگر کرکٹرز منہ دیکھتے رہ جائیں گے –